ڈی پی او خانیوال کی کھلی کچہری، مسائل کے حل کیلئے احکامات
بروقت اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی ، جرائم کے خاتمے ، عوامی تحفظ پر زور
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت عوام کو بروقت اور بلاامتیاز انصاف فراہم کرنے کے لیے ضلع بھر میں اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے ۔ اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عابد نے ایس ڈی پی او آفس میاں چنوں میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔کھلی کچہری میں ایس ڈی پی او میاں چنوں اور متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز بھی موجود تھے ۔ شہریوں نے اپنے مسائل اور شکایات براہ راست ڈی پی او کے سامنے پیش کیں، جن پر موقع پر متعدد احکامات جاری کیے گئے جبکہ باقی درخواستوں کو مقررہ مدت میں حل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ڈی پی او محمد عابد نے کہا کہ اوپن ڈور پالیسی کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان فاصلے کم کرنا اور شہریوں کو براہ راست رسائی دینا ہے ۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کسی بھی شہری کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی اور میاں چنوں سرکل میں جرائم، منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جا سکے ۔