پنجاب فوڈ اتھارٹی کا جعلی مصالحہ جات بنانیوالوں کیخلاف ایکشن
بوریوالا میں کارروائی، 100کلو سے زائد جعلی مصالحہ جات ضبط، ملزم پر مقدمہ
ملتان (لیڈی رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے برانڈز کے نام پر شہریوں کو دھوکہ دینے والے عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بوریوالا کے علاقے مجاہد کالونی میں جعلی مصالحہ جات تیار کرنے والا یونٹ پکڑ لیا۔ کارروائی کے دوران 100 کلو سے زائد جعلی مصالحہ جات اور پیکنگ مٹیریل ضبط کر لیا گیا جبکہ چکی مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کی خصوصی ہدایات پر صوبہ بھر میں ملاوٹ اور جعلی خوراک کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ اسی سلسلے میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے مجاہد کالونی بوریوالا میں کارروائی کرتے ہوئے معروف برانڈز کے نام سے جعلی مصنوعات تیار کرنے والے یونٹ کو بے نقاب کیا۔کارروائی کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم معروف برانڈز کے نام استعمال کرتے ہوئے جعلی مصالحہ جات تیار کر رہے تھے جبکہ کسٹرڈ اور اسپغول کی بھی نقلی پیکنگ کی جا رہی تھی۔