بوریوالا میں جعلی مصالحہ جات بنانے والی فیکٹری پکڑی گئی

بوریوالا میں جعلی مصالحہ جات بنانے والی فیکٹری پکڑی گئی

اڑھائی من سے زائد مضر صحت مصالحہ جات برآمد، فیکٹری سیل، مقدمہ درج

وہاڑی،بوریوالا (خبرنگار،نمائندہ خصوصی،سٹی رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بوریوالا کی شہری آبادی مجاہد کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے معروف کمپنیوں کی جعلی پیکنگ میں مضر صحت مصالحہ جات تیار کرنے والی فیکٹری پکڑ لی۔ کارروائی کے دوران اڑھائی من سے زائد مضر صحت مصالحہ جات، اسپغول اور کسٹرڈ پاؤڈر برآمد کر کے تلف کر دیا گیا جبکہ فیکٹری کو سیل کر دیا گیا۔فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق مذکورہ فیکٹری میں مختلف اشیا کو معروف کمپنیوں کی جعلی پیکنگ میں تیار کر کے مارکیٹ میں فروخت کیا جا رہا تھا۔ یہ اشیا کریانہ سٹورز، بیکریوں، ہوٹلوں اور شاپنگ مالز کو سپلائی کی جاتی تھیں جبکہ وہاڑی، گگو منڈی اور عارف والا سمیت دیگر شہروں میں بھی ترسیل کی جا رہی تھی۔

کارروائی کے دوران فوڈ اتھارٹی ٹیم نے موقع پر موجود بڑی مقدار میں مضر صحت مصالحہ جات تلف کر دیے جبکہ مزید جانچ کے لیے مختلف اشیا کے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔ ٹیم نے فیکٹری سے معروف کمپنیوں کی جعلی پیکنگ کا میٹریل بھی قبضے میں لے لیا۔حکام کے مطابق فیکٹری میں صفائی کی صورتحال انتہائی خراب تھی اور جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر موجود تھے ۔ پولیس تھانہ سٹی بوریوالا نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈیری ٹیکنالوجسٹ ضلع وہاڑی نعمان زاہد کی مدعیت میں ملزم ندیم نیاز ولد نیاز احمد سکنہ گلی نمبر 16 مجاہد کالونی بوریوالا کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں