تاجر برادری کے حقوق کا تحفظ کریں گے ، جاوید اقبال
ہر معاملے میں اپنے تاجر بھائیوں کا دفاع کیا جائے گا، تاجر رہنما کی گفتگو
بارہ میل،جودھ پور(نمائندہ دنیا )تاجر برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر وقت ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ تاجر برادری میرا قیمتی اثاثہ ہے اور ان کے مسائل کا حل میری اولین ترجیح ہے ۔ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران کبیروالا کے صدر را جاوید اقبال ٹھاکر نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کبیروالا کی تاجر برادری نے انہیں جو عزت، اعتماد اور ذمہ داری سونپی ہے وہ اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے، ہر معاملے میں اپنے تاجر بھائیوں کا مضبوط انداز میں دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور تاجر برادری کے جائز حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔
را جاوید اقبال ٹھاکر نے مزید کہا کہ کبیروالا کے تمام تاجر قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنا کاروبار کر رہے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ انتظامیہ بھی تاجروں کے مسائل کو سنجیدگی سے سنے ۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اگر کسی بھی معاملے میں تاجروں کے حوالے سے کوئی شکایت یا مسئلہ ہو تو براہِ راست کارروائی کرنے کے بجائے پہلے انہیں آگاہ کیا جائے تاکہ باہمی مشاورت سے مسئلے کا حل نکالا جا سکے ،انجمن تاجران تاجروں کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ شہر میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور پرامن ماحول کے قیام کے لیے بھی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔