4دکانیں مسمار، ہوٹل کی عمارت میں غیر قانونی تبدیلی
ہال کو برآمد وں تک توسیع کردی گئی ، بلدیہ، ضلعی انتظامیہ نے کارروائی نہ کی
بہاولنگر (خبرنگار) میونسپل کمیٹی کے عین سامنے واقع ہوٹل کی عمارت میں مبینہ غیر قانونی تعمیرات اور تبدیلیوں کا انکشاف ہوا ہے ، جس سے شہریوں میں تشویش پھیل گئی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق عمارت کے اصل سٹرکچر میں بغیر منظوری بڑے پیمانے پر رد و بدل کیا گیا، چار دکانیں مسمار کر کے ایک بڑا ہال تعمیر کیا گیا اور برآمدوں تک توسیع کی گئی، جس سے مبینہ قبضہ ہوا ہے ۔ حیران کن امر یہ ہے کہ یہ سرگرمیاں میونسپل کمیٹی کے دفتر سے صرف 50 میٹر کے فاصلے پر جاری ہیں، مگر بلدیہ اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی واضح کارروائی نہیں کی گئی۔ شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیا جائے اور غیر قانونی تعمیرات کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔