واسا کی لاپرواہی، وہاڑی کے مختلف علاقوں میں سیوریج کا پانی جمع
شاہین مارکیٹ، دانیوال ،مسلم ٹاؤن میں نکاسی آب کا مسئلہ ، شکایات پر ٹال مٹول
وہاڑی (خبر نگار،نمائندہ خصوصی)شہر کے مختلف علاقوں شاہین مارکیٹ، دانیوال اور مسلم ٹاؤن میں سیوریج کا گندہ پانی کھڑا ہونے سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ اہل علاقہ نے بتایا کہ بار بار شکایات کے باوجود واسا حکام مسئلہ حل نہیں کر رہے اور شکایت کرنے والوں کو ’’ابھی آ رہے ہیں‘‘ کہہ کر ٹال دیتے ہیں۔اہل علاقہ انعام الحق حاجی، ایم امین شفیق بھٹی، پرویز اختر، عبدالرشید، ایم صدیق، عرفان، علی شاہ، ایان احمد اور دیگر شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ کھڑا گندہ پانی آمدورفت میں رکاوٹیں پیدا کر رہا ہے اور تعفن و مچھروں کی وجہ سے بیماریوں کا خطرہ بڑھ گیا ہے ۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ واسا حکام فوری طور پر سیوریج کا مسئلہ حل کریں اور ذمہ دار عملے کے خلاف کارروائی کریں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔ ایس ڈی او ضیغم عباس نے کہا کہ ٹیم بھجوا دی گئی ہے اور مسئلہ جلد حل کیا جائے گا۔