کمشنر ملتان سے وہاڑ ی اور بوریوالا بار عہدیداران کی ملاقات
باہمی دلچسپی کے امور، وکلا برادری اور بار انجمنوں کے مسائل پر تبادلہ خیال
وہاڑی (خبرنگار) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن وہاڑی اور تحصیل بار بوریوالا و میلسی کے عہدیداران نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مال بابر سلیمان بھی موجود تھے۔ وفد میں صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن وہاڑی راؤ شیراز رضا، جنرل سیکرٹری مطلوب حسین جوئیہ، صدر تحصیل بار بوریوالا رانا الطاف حسین، جنرل سیکرٹری علی جاوید گجر، صدر تحصیل بار میلسی قمر عباس ہاشمی اور جنرل سیکرٹری لیاقت علی گجر سمیت دیگر سینئر وکلاء شامل تھے۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، وکلا برادری اور بار انجمنوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا کہ بار انجمنوں کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ضلعی انتظامیہ و بار انجمنوں کے درمیان بہتر رابطہ انصاف کی فراہمی کو مؤثر بنانے کے لیے ضروری ہے ۔بار عہدیداران نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہمیشہ مثبت تعاون رہا ہے اور آئندہ بھی باہمی روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔