عید الفطر پر جامع سکیورٹی پلان مرتب کرنے کی ہدایت

عید الفطر پر جامع سکیورٹی پلان مرتب کرنے کی ہدایت

خصوصی صفائی ،عوامی ریلیف کیلئے سستی اشیاء کی فراہمی یقینی بنائیں، خالد جاوید

وہاڑی (خبر نگار،نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت دو اہم اجلاس ہوئے ، جن میں عیدالفطر کے انتظامات، رمضان سہولت بازار، پرائس کنٹرول، نگہبان کارڈز، نگہبان دسترخوان اور پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تصور اقبال اور دیگر متعلقہ افسر بھی شریک ہوئے ۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ عیدگاہوں، مساجد اور عوامی مقامات پر جامع سکیورٹی پلان مرتب کیا جائے ، شہر میں خصوصی صفائی اور واشنگ کے انتظامات بہتر بنائے جائیں اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ٹریفک مینجمنٹ کے ساتھ ہسپتالوں میں ایمرجنسی اور طبی سہولیات یقینی بنائی جائیں۔رمضان سہولت بازار میں عوام کو سستے داموں اشیائے خوردونوش فراہم کی جا رہی ہیں، جہاں 10 کلو آٹے کا تھیلا 850 روپے ، چینی 140 روپے فی کلو اور چکن مارکیٹ سے 100 روپے کم قیمت پر دستیاب ہے ۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے رمضان میں 51 ہزار 852 انسپکشنز کیں، گراں فروشی پر 31 لاکھ 82 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا، 3 افراد کو گرفتار اور 9 دکانیں سیل کی گئیں۔ضلع میں 1 لاکھ 17 ہزار 21 نگہبان کارڈز موصول ہوئے ، جن میں سے 1 لاکھ 9 ہزار 789 تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ 98 کروڑ 99 لاکھ 85 ہزار روپے مستحقین تک پہنچائے جا چکے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں