عید تعطیلات میں پبلک ٹرانسپورٹ کی کڑی مانیٹرنگ کے احکامات
زائد کرایہ وصولی پر ٹرانسپورٹرز کو بھاری جرمانے کئے جائیں گے ، گاڑیوں کی مکمل انسپکشن ، فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجرا کیلئے سیکرٹری آرٹی اے کو ذمہ داری دیدی، کمشنر عامر کریم
ملتان ،لودھراں (وقائع نگار خصوصی،سٹی رپورٹر )کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت عیدالفطر کے انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں صفائی، سکیورٹی اور شہری سہولیات سے متعلق انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسروں نے عید سے قبل انتظامی اقدامات پر بریفنگ دی۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ عید کی چھٹیوں کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں کو خصوصی طور پر مانیٹر کیا جائے تاکہ شہریوں سے زائد کرایہ وصول نہ کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی مکمل انسپکشن اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے اجرا کیلئے سیکرٹری آر ٹی اے ذمہ دار ہوں گے جبکہ اوور چارجنگ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔
انہوں نے بس اڈوں اور ٹرمینلز کی صفائی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کینٹینز پر ناقص اشیائے خوردونوش کی فروخت کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کو بیکری آئٹمز کی چیکنگ مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔کمشنر نے کہا کہ عید گاہوں اور مساجد کی صفائی یقینی بنائی جائے اور وہاں جانے والے راستوں کو صاف اور کشادہ رکھا جائے ۔ عامر کریم خاں نے لودھراں کا دورہ کیا۔کمشنر ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ گئے ،مستحقین میں راشن بیگز،سپیشل افراد میں ہیرنگ ایڈز تقسیم کئے ۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف، انتظامی افسر اور مخیر حضرات ہمراہ تھے ۔کمشنر ملتان نے ڈی ایچ کیو میں علاج معالجہ کی صورتحال کا جائزہ لیا،مریضوں سے معلومات بھی لیں۔ایمرجنسی،ڈائیلاسز یونٹ میں زیرعلاج مریضوں کی عیادت کی،صفائی معاملات دیکھے ،عامر کریم خاں نے پیڈز نرسری میں ننھے بچوں کی بہترین دیکھ بھال کا حکم بھی دیا۔کمشنر نے ضلع کونسل ہال میں ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور مقامی این جی اووز کی راشن تقسیم کی تقریب میں بھی شرکت کی۔انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ مقدس میں مستحقین کی مدد کرنا ثواب حصول کا بڑا ذریعہ ہے ۔ کمشنر نے بورے والا کے مرحوم نائب تحصیل ناظم غلام مصطفی بھٹی کے بھائی سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے نائب تحصیلدار غلام مصطفی بھٹی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ۔