احمد پور سٹیڈیم شدید بدحالی اور انتظامی غفلت کا شکار

احمد پور سٹیڈیم شدید بدحالی اور انتظامی غفلت کا شکار

نوجوانوں کے کھیلوں کے لیے سہولیات نہ ہونے سے نشے کا خطرہ بڑھ گیا

ڈیرہ نواب صاحب (نامہ نگا ر) احمد پور سنوارو تحریک کے ایگزیکٹو ممبر ملک سمیع الرحمن نے کہا ہے کہ احمد پور شرقیہ کا واحد بڑا کھیلوں کا میدان، میونسپل اسٹیڈیم، شدید بدحالی اور انتظامی غفلت کا شکار ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جہاں نوجوان نسل کو کھیلوں کی سہولیات میسر ہونی چاہئیں، وہاں آج یہ جگہ نشئی افراد کے ڈیرے میں تبدیل ہوتی جا رہی ہے ، جس سے نوجوان مثبت سرگرمیوں سے دور اور منشیات کی لعنت کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔ملک سمیع الرحمن نے بتایا کہ اسٹیڈیم کا گراؤنڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ، بیٹھنے کے انتظامات اور واش روم موجود نہیں، اور چند ماہ قبل سٹریٹ لائٹس بھی اتار دی گئی ہیں، جس سے شام کے بعد اسٹیڈیم اندھیرے میں ڈوب جاتا ہے اور غیر سماجی عناصر جمع ہو جاتے ہیں۔ مزید برآں، یہاں چوکیدار یا سیکیورٹی گارڈ نہیں ہے ، جس سے املاک اور سہولیات کے نقصان کا خطرہ ہے ۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ اسٹیڈیم کی فوری مرمت کی جائے ، سٹریٹ لائٹس دوبارہ نصب ہوں، بیٹھنے اور واش روم کی سہولت فراہم کی جائے ، اسٹیڈیم کو نشئی افراد سے پاک کیا جائے اور چوکیدار تعینات کر کے کھیلوں کے لیے محفوظ بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں