پی ایم ایم ایل مظفرگڑھ کا صحافیوں کے اعزاز میں افطار ڈنر
مظفر گڑھ (نامہ نگار)پاکستان مرکزی مسلم لیگ مظفر گڑھ کی جانب سے مقامی صحافیوں کے اعزاز میں پُروقار افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا
جس میں صحافی برادری کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کی صدارت صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ پنجاب محمد سرور چودھری نے کی جبکہ ترجمان پاکستان مرکزی مسلم لیگ پنجاب احمد اجمل، معاون خصوصی پنجاب ابرار وحید اور جنرل سیکرٹری ضلع مظفر گڑھ سید زاہد ہمدانی نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشنز اور جاری فلاحی مہم ’’خدمت کا رمضان‘‘کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ محمد سرور چوہدری نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 5 ہزار سے زائد سحری کچن قائم کیے گئے ہیں جو روزانہ 22 لاکھ سے زائد مستحق افراد کو کھانا فراہم کر رہے ہیں جبکہ مظفر گڑھ میں 20 سے زائد سحری کچن اور افطار دسترخوان لگائے گئے ہیں۔ عید کے موقع پر عوامی ریلیف کے لیے سستے سبزی سٹالز اور سستے تنور یونین کونسل کی سطح پر لگائے جائیں گے ۔مقررین نے کہا کہ پاکستان کی افواج کے شانہ بشانہ قوم متحد ہے اور دشمن قوتیں پاکستان کے استحکام کو نقصان نہیں پہنچا سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور ان کے سرپرستوں سے سختی سے نمٹا جائے گا تاکہ ملک میں امن و امان برقرار رہے ۔ بین الاقوامی امور پر بھی گفتگو کرتے ہوئے مقررین نے او آئی سی اور مسلم ممالک کو متحدہ مؤقف اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب کے اختتام پر صحافیوں کا شکریہ ادا کیا گیا اور باہمی روابط کو مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا گیا۔