آٹھویں جماعت کے نتائج اپریل میں پیکٹا جاری کرے گا
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب ایجوکیشنل کریکولم، ٹیسٹنگ اینڈ اسسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا) کے تحت آٹھویں جماعت کے امتحانات کے نتائج اپریل میں جاری کئے جائیں گے ۔
اس مرتبہ امتحانی نظام میں متعدد نئی تبدیلیاں کی گئی ہیں تاکہ امتحانات کے عمل کو زیادہ شفاف اور معیاری بنایا جا سکے ۔ذرائع کے مطابق اردو، انگلش، ریاضی اور سائنس کے چار اہم بورڈ مضامین کے پیپرز پیکٹا کے زیر اہتمام لئے گئے ہیں۔ طلبہ کا حتمی نتیجہ ان چار بورڈ مضامین کے نمبروں کے ساتھ سکول کی سطح پر پڑھائے جانے والے دیگر مضامین کے نمبروں کو ملا کر تیار کیا جائے گا۔ حکام نے واضح کیا کہ اگر کسی طالب علم کو ان چار بورڈ مضامین میں سے کسی ایک میں ناکامی ہوئی تو وہ مجموعی طور پر فیل تصور ہوگا۔، جبکہ سپلیمنٹری امتحان کا تصور نہیں رکھا گیا۔البتہ پاسنگ مارکس کے قریب طلبہ کو خصوصی رعایت کے طور پر سٹار (*) لگا کر پاس کیا جائے گا تاکہ معمولی کمی کی وجہ سے تعلیمی سال ضائع نہ ہو۔ سکول بیسڈ اسسمنٹ کے معیار کو برقرار رکھنے کے لئے 25 فیصد پیپرز کی ویلیڈیشن پیکٹا کی کمیٹی کرے گی، جس میں مختلف سکولوں کے اساتذہ شامل ہوں گے ۔