فاریسٹ پارک اپ گریڈ، فلڈ بندوں کے انتظامات تیز
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو معیاری اور صحت مند تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ خانیوال متحرک ہو گئی ہے ۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے میاں چنوں میں واقع فاریسٹ پارک پل گھراٹ کو اپ گریڈ کر کے جدید تفریحی مقام بنانے کے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے فاریسٹ پارک پل گھراٹ کا دورہ کر کے پارک کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جبکہ محکمہ جنگلات کے افسران نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ پارک کی اپ گریڈیشن، تزئین و آرائش اور شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع منصوبہ جلد پیش کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پارک میں شجرکاری، لینڈ اسکیپنگ، واکنگ ٹریک، بیٹھنے کے مناسب انتظامات اور دیگر سہولیات فراہم کر کے اسے خوبصورت تفریحی گاہ بنایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ طویل عرصہ سے نظر انداز اس پارک کو فعال اور دلکش مقام میں تبدیل کرنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے جبکہ وائلڈ لائف پارک پیرووال اور فاریسٹ پارک پل گھراٹ کی بہتری کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں خصوصاً فیملیز کو صحت مند تفریحی ماحول میسر آ سکے ۔دریں اثنا ضلعی انتظامیہ نے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کوٹ اسلام، کنڈ سرگانہ اور بھٹنڈہ سب ڈویژن میں فلڈ بندوں کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا اور دریائے راوی کے مقام کوٹ اسلام پر دروں کی فوری ڈی سلٹنگ کا حکم دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ فلڈ زونز میں غیر قانونی تعمیرات برداشت نہیں کی جائیں گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔