ڈی جی زراعت کی اگیتی کپاس کاٹارگٹ حاصل کرنیکی ہدایت
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ڈائریکٹر جنرل زراعت پنجاب چودھری عبدالحمید نے ضلع خانیوال کا دورہ کیا اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت خانیوال کے دفتر میں ضلع بھر کے افسروں کے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں گندم کی موجودہ صورتحال، آخری آبپاشی، گندم کی برداشت اور بعد ازاں اس کی فروخت کے حوالے سے حکومتی پالیسیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری عبدالحمید نے بتایا کہ ضلع خانیوال میں اگیتی کپاس کی کاشت کا ہدف 87 ہزار ایکڑ مقرر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ مقررہ ہدف کے حصول کے لیے کاشتکاروں کے ساتھ رابطے مزید مؤثر بنائے جائیں اور انہیں ہر ممکن فنی معاونت فراہم کی جائے تاکہ کپاس کی کاشت کو فروغ دیا جا سکے ۔بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل زراعت نے تحصیل خانیوال میں اگیتی کپاس کی فصل کا بھی دورہ کیا اور کپاس کے اگاؤ کو تسلی بخش قرار دیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ کاشتکاروں کی رہنمائی کے لیے فیلڈ وزٹس میں اضافہ کیا جائے تاکہ بہتر پیداوار حاصل کی جا سکے ۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت خانیوال مہر محمد اقبال، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر خالد محمود اور ڈائریکٹر زراعت ملتان چودھری شہزاد صابر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔