نیٹ میٹرنگ خراب میٹرز کی مد میں کروڑوں کی وصولیاں تنصیب نہ ہو سکی

نیٹ میٹرنگ خراب میٹرز کی مد میں کروڑوں کی وصولیاں تنصیب نہ ہو سکی

میپکو انتظامیہ کی غفلت ، شہری پریشانی کا شکار، سٹا ف جلے ہوئے میٹر کی مد میں30ہزار روپے رشوت طلب کررہا، پانچ ماہ گزر گئے ، فیس وصولی کے باوجود میٹر نہیں لگائے جارہے ، شہری

ملتان (خصوصی رپورٹر)میپکو انتظامیہ نے سینکڑوں صارفین کے کروڑوں روپے دبالئے ۔میٹرکاسٹ ڈیمانڈ نوٹسزکی ادائیگی کے باوجودنیٹ میٹرنگ کے جلے وخراب سینکڑوں میٹرز5 ماہ بعد بھی تبدیل نہ ہوسکے ۔پرائیویٹ سی ای او کی ساکھ پر سوالات اٹھ گئے ۔نیٹ میٹرنگ کے جلے ہوئے میٹروں کی تبدیلی میں تاخیرکی آڑمیں شہریوں سے مبینہ طور پر 30 ہزار روپے رشوت طلب، متاثرہ صارفین دہائیاں دینے لگے ۔بتایاگیاہے کہ نیٹ میٹرنگ کے تحت لگائے گئے بجلی کے میٹرز جل جانے کے بعد نئے میٹر لگوانے کے لئے جمع کروائے گئے ڈیمانڈ نوٹس اور فیس کے باوجودمتاثرہ صارفین کئی ماہ سے پریشان ہیں۔ متاثرہ صارفین کا کہنا ہے کہ متعلقہ دفتر کی جانب سے میٹر فراہم نہیں کئے جا رہے جبکہ مبینہ طور پر رشوت کا مطالبہ کیا جا رہا ہے ۔متاثرہ صارفین کے مطابق انہوں نے جلے ہوئے میٹروں کی رپورٹ درج کروانے کے بعد نئے AMR میٹر لگوانے کے لئے باقاعدہ ڈیمانڈ نوٹس حاصل کئے اور مقررہ قانونی فیس بھی ادا کی۔ دستیاب دستاویزات کے مطابق 39,500 روپے فی میٹر کی رقم متعلقہ بینک میں جمع کروائی گئی جس کی رسیدیں بھی موجود ہیں۔دستاویزات کے مطابق ان صارفین کے ریفرنس نمبر واپڈا کی مختلف سب ڈویژنوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ تمام قانونی تقاضے پورے کرنے اور فیس جمع کروانے کے باوجود چار سے پانچ ماہ گزر چکے ہیں مگر اب تک نئے میٹر نصب نہیں کئے گئے ۔ جب وہ متعلقہ دفاتر سے رابطہ کرتے ہیں تو انہیں بتایا جاتا ہے کہ فیلڈسٹور میں میٹر دستیاب نہیں ہیں۔متاثرین نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض اہلکاروں کی جانب سے غیر رسمی طور پر کہا جاتا ہے کہ اگر 30ہزار روپے دیئے جائیں تو میٹر فوری طور پر لگا دیا جائے گا، بصورت دیگر میٹر کی فراہمی کا انتظار کرنا پڑے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں