ویمن یونیورسٹی گیٹ کی اپ گریڈیشن،گلوب سٹرکچر کا افتتاح

ویمن یونیورسٹی گیٹ کی اپ گریڈیشن،گلوب سٹرکچر کا افتتاح

مقصدکیمپس کا داخلی ومالیاتی حسن اوربہتر تعلیمی تشخص کی فراہمی ، وائس چانسلر

ملتان (خصوصی رپورٹر) ویمن یونیورسٹی ملتان کے مرکزی گیٹ کی دیوار کی اپ گریڈیشن اور اس کے سامنے نصب خوبصورت سٹیل گلوب سٹرکچر کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ ترجمان کے مطابق یہ منصوبہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ کی طرف سے عطیہ کردہ رقم اور مختلف اداروں کی فنڈنگ سے مکمل کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں رجسٹرار ڈاکٹر دیبا شہوار، فیکلٹی اور اسٹاف ممبران بھی موجود تھے ۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کا مرکزی دروازہ اس کی شناخت، وقار اور تشخص کی علامت ہوتا ہے ۔ ویمن یونیورسٹی کے مرکزی گیٹ کی اپ گریڈیشن اور سٹیل گلوب سٹرکچر کی تنصیب کا مقصد نہ صرف یونیورسٹی کے داخلی حسن کو بہتر بنانا ہے بلکہ ادارے کو ایک جدید، باوقار اور متاثر کن تعلیمی تشخص فراہم کرنا بھی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں مثبت اور خوبصورت ماحول طلبہ کی ذہنی نشوونما اور تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ اس لیے یونیورسٹی انتظامیہ نے تعلیمی معیار کے ساتھ ساتھ کیمپس کے انفراسٹرکچر اور خوبصورتی پر خصوصی توجہ دی ہے ۔مرکزی گیٹ کی اپ گریڈیشن اور اسٹیل گلوب اسٹرکچر کی تنصیب کے لیے ذاتی کاوش کی گئی تاکہ کیمپس کے داخلی حصے کو مزید پرکشش اور جدید طرز کے مطابق بنایا جا سکے ۔ یونیورسٹی کی ترقی میں اساتذہ اور عملے کا کردار انتہائی اہم ہے اور آئندہ بھی ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ طالبات کو بہترین، محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں