عید ،صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں :ڈپٹی کمشنر
یومِ پاکستان کی تقریبات کا جائزہ ،سرکاری عمارتوں پر چراغاں کی ہدایت
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ کی زیر صدارت عیدالفطر کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی اور صفائی ستھرائی، سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، پارکوں اور تفریحی مقامات پر شہری سہولیات کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پارکوں، عیدگاہوں، قبرستانوں اور دیگر عوامی مقامات پر صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے جامع پلان ترتیب دیا جائے ۔ سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی گئیں۔اجلاس میں یومِ پاکستان کی تقریبات کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا، اور ہدایت کی گئی کہ سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا جائے اور تقاریب شایانِ شان منعقد کی جائیں۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے شہر کے مختلف شاہراہوں اور بازاروں کا دورہ کیا اور بیوٹیفیکیشن، صفائی ستھرائی اور غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے اقدامات کا جائزہ لیا تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں سہولت اور شہر کو خوبصورت بنایا جا سکے ۔