مدراینڈ چائلڈ منصوبہ التوا کا شکار:لاگت 2 ارب 80 کروڑ بڑھ گئی
پانچ سال قبل تخمینہ لاگت 3ارب روپے لگایا گیا، منصوبے کو نئی ڈیڈ لائن میں پورا کرنے کیلئے محکمہ بلڈنگ نے حکومت سے مزید فنڈز مانگ لئے ، تاحال کوئی پیش رفت نہ ہوسکی 200بیڈز کا ہسپتال نئی ڈیڈ لائن میں بھی پورا کرنا مشکل ،منصوبہ بروقت مکمل نہ ہونے پر شہریوں کو بھی تحفظات، حکومت سے صورتحال اور فنڈز کے مسائل کا نوٹس لینے کا مطالبہ
ملتان (نعمان خان بابر سے )پانچ سال گزرنے کے باوجود مدر اینڈ کیئر ہسپتال کا منصوبہ مکمل نہیں ہو سکا اور موجودہ صورتحال میں فنڈز کی عدم دستیابی پر منصوبے کے تخمینہ لاگت میں بھی دو ارب اسی کروڑ روپے کا اضافہ ہو گیا ، منصوبے کو نئی ڈیڈ لائن میں پورا کرنے کیلئے محکمہ بلڈنگ نے حکومت سے مزید فنڈز مانگ لئے ۔تفصیل کے مطابق ملتان میں پانچ سال پہلے تین ارب روپے کا تخمینہ لگا کر مدر اینڈ کیئر ہسپتال کا منصوبہ شروع کیا گیا لیکن فنڈز کی فراہمی میں تعطل کے باعث تین مرتبہ ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود دو سو بیڈز کا ہسپتال تا حال مکمل نہیں ہو سکا جس کے تخمینہ لاگت میں بھی دو ارب بیس کروڑ روپے کا اضافہ ہو گیا ہے اور اسی لئے موجودہ صورتحال میں منصوبے کو نئی ڈیڈ لائن میں پورا کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے ۔دوسری جانب ہسپتال کا منصوبہ بروقت مکمل نہ ہونے پر شہریوں کو بھی تحفظات ہیں جس کی وجہ سے شہریوں نے حکومت سے منصوبے کی صورتحال اور فنڈز کے مسائل کا نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا ہے تاہم اس حوالے سے محکمہ بلڈنگز کے حکام کا موقف ہے کہ مدر اینڈ کیئر ہسپتال کی تخمینہ لاگت میں اضافے پر حکومت کو فنڈز فراہم کرنے کی درخواست کر دی ہے لیکن تاحال اس حوالے سے کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی جس سے منصوبے کو نومبر کی نئی ڈیڈ لائن میں پورا کرکے فعال کرنا بھی انتہائی مشکل ہو گیا ہے جس کے لئے فنڈز کے حصول کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور ارکان اسمبلی بھی کردار ادا کریں۔