پی ٹی آئی کے پاس کوئی لائحہ عمل نہیں ، مستقبل تاریک:شیر افضل
بانی کو غلط گائیڈ کیا جاتا ہے ، سرائیکی صوبہ کروڑوں لوگوں کا آئینی حق ہے سرائیکیوں کو بھی اپنا حق لینے کے لیے سڑکوں پر آنا ہو گا : پریس کانفرنس
ملتان ( سٹاف رپورٹر ) معروف سیاسی شخصیت ایم این اے شیر افضل مروت نے گزشتہ روز ڈیرہ سادات چوک کمہارانوالہ میں سید اسد عباس بخاری ،مہر مظہر عباس کات ،سید نوید عباس شاہ،ڈاکٹر محسن عباس شاہ،مبین احمد مغل،سید علی عباس شاہ ،سید امجد شاہ ،سید اقبال شاہ ،مہر ظفر ہراج کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا مستقبل تاریک نظر آ رہا ہے کیونکہ ان کے پاس کوئی لائحہ عمل ہی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ بانی کو غلط گائیڈ کیا جاتا ہے اور وہ شروع سے ہی چند لوگوں کے کہنے پر اپنی پارٹی کے وفادار لوگوں جیسے جہانگیر ترین ،علیم خان اور مجھ سمیت دیگر کو نکال دیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت فارم سینتالیس کی پیداوار ہے جو پانچ چھ ہزار ووٹ لے کر اسمبلی میں پہنچ گے انہوں نے کون سی ملک کی خدمت کرنی ہے سرائیکی صوبہ کروڑوں لوگوں کا بنیادی اور آئینی حق ہے ۔ملک میں دو تین صوبوں کی ضرورت ہے مگر جس کے لیے آواز بلند کی جارہی ہے اور جس کی اشد ضرورت ہے وہ سرائیکی صوبہ ہے ۔ کشمیریوں کی طرح سرائیکیوں کو بھی اپنا حق لینے کے لیے سڑکوں پر آنا ہو گا ۔شیر افضل مروت نے کہا کہ ایران دنیا میں ڈٹ کر کفر کے سامنے کھڑا ہو گیا ہے اور بیشمار عظیم قربانیاں دینے کے باوجود بھی امریکہ اسرائیل کو مات دے دی ہے ۔انہوں نے کہا ایران نے حسنیت کے راستے پر چلنے کا حق ادا کر دیا ہے باقی سب صرف نام کے اسلامی ممالک ہیں جو امریکہ و اسرائیل کے سہولت کار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت کی مہربانی ہے کہ انہوں نے امریکہ کی حمایت نہیں کی اور پاک بھارت جنگ جیتنے کے بعد پاکستان کو دنیا میں ایک مقام ملا ہے ۔