سکاؤٹس مثبت تبدیلی کا ذریعہ، نوجوانوں کی کردار سازی ضروری
ڈی سی مظفرگڑھ کی سکاؤٹس سے ملاقات، رجسٹریشن ، سرگرمیاں تیز کرنیکی ہدایت
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے ضلعی سکاؤٹس کی خدمات کو سراہتے ہوئے نوجوانوں سے ملاقات کی اور ان کی تربیت و کردار سازی پر زور دیا۔ اجلاس میں مختلف سکولوں اور کالجوں کے سربراہان، اساتذہ اور اسکاؤٹ لیڈرز نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسکاؤٹس معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کا اہم ذریعہ ہیں اور یہ نوجوانوں میں نظم و ضبط، قیادت اور خدمت خلق کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں اسکاؤٹس کی رجسٹریشن میں اضافہ کیا جائے اور طلبہ کو عملی سرگرمیوں میں بھرپور انداز میں شامل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ سکاؤٹس کو قومی دنوں، ہنگامی حالات اور عوامی آگاہی مہمات میں فعال کردار ادا کرنے کیلئے تیار کیا جائے تاکہ وہ ایک ذمہ دار شہری بن سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اسکاؤٹس پروگرام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔