ملکی معیشت شدید ترین بحران کا شکارہے، تیمور مہے
ملتان (لیڈی رپورٹر)ٹکٹ ہولڈر تحریک انصاف بیرسٹر ملک تیمور الطاف مہے نے این اے 148 کی مختلف تقریبات میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت شدید بحران کا شکار ہے اور بڑھتی مہنگائی عوام کے لئے ایک بڑا بوجھ بن گئی ہے ۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ملکی معیشت پر جلد قابو نہ پایا گیا تو حالات مزید خراب ہوں گے ، جس سے بیروزگاری اور غربت میں اضافہ ہوگا۔تیمور الطاف مہے نے کہا کہ بانی چیئرمین تحریک انصاف نے کہا تھا، \"میں تو برداشت کر لوں گا مگر تم برداشت نہیں کر سکو گے ۔\" ان کا کہنا تھا کہ فارم 47کے ذریعے بننے والی حکومت عوام سے ووٹ نہ دینے کا بدلہ لے رہی ہے اور اس غصے کا مظاہرہ مہنگائی اور روزگار کے مسائل بڑھا کر کر رہی ہے ۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ ایسی پالیسیاں بنائیں جو براہِ راست عوام کے فائدے میں ہوں اور روزمرہ زندگی میں آسانیاں فراہم کریں تاکہ ملک کی معاشی صورتحال میں بہتری آئے ۔