موسمیاتی خطرات کی پیشگی اطلاع اہم ترین ضرورت،جہاں آرا

موسمیاتی خطرات کی پیشگی اطلاع اہم ترین ضرورت،جہاں آرا

ایکٹ انٹرنیشنل اور ورلڈ فوڈ پروگرام کی تقریب،سرکاری افسر،سول سوسائٹی شریک

ملتان (لیڈی رپورٹر) ایکٹ انٹرنیشنل اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے زیرِ اہتمام Integrated Risk Informed Systems for Anticipatory Action - Southern Punjab پراجیکٹ کی پروقار لانچنگ تقریب ملتان میں منعقد ہوئی، جس میں جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع سے سرکاری افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور متعلقہ شعبہ جات کے ماہرین نے بھرپور شرکت کی۔تقریب کا مقصد جنوبی پنجاب میں قدرتی آفات، بالخصوص سیلاب جیسے خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کے نظام کو مضبوط بنانا اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔

اس موقع پر ورلڈ فوڈ پروگرام کے پروگرام اینڈ پالیسی آفیسر نعیم گل نے شرکاء کو پراجیکٹ کی اہمیت، مقاصد اور مجوزہ سرگرمیوں سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ جدید ڈیٹا، موسمیاتی پیش گوئیوں اور کمیونٹی سطح پر تیاری کو بروئے کار لاتے ہوئے بروقت اقدامات کو یقینی بنائے گا تاکہ ممکنہ نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرپرسن پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی جہاں آرا وٹو نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر ایسے منصوبے وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور کمزور طبقات کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کیلئے ایسے اقدامات کی بھرپور حمایت جاری رکھے گیدیگر مقررین میں ایکٹ انٹرنیشنل کے متین سعید اور آفتاب احمد قیوم نے پراجیکٹ کو ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف ادارہ جاتی صلاحیتوں کو مضبوط کرے گا بلکہ مقامی کمیونٹیز کو بھی بااختیار بنائے گا تاکہ وہ ممکنہ آفات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔ پی ڈی ایم اے کے نمائندے عرفان سیال نے بھی خطاب کرتے ہوئے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے حوالے سے ادارہ جاتی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا اور اس منصوبے کو بروقت اور مؤثر قدم قرار دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں