نہر کنارے درختوں کے موٹے جھکے ہوئے تنے ، ٹریفک متاثر
بائی پاس روڈ عبداﷲ چوک پر ہیوی گاڑیوں کو مشکلات،حادثات بڑھنے لگے
شجاع آباد (نامہ نگار) محکمہ انہار کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث بائی پاس روڈ نزد عبداﷲ چوک پر نہر کنارے لگے درختوں کے موٹے جھکے ہوئے تنے ٹریفک حادثات کا سبب بننے لگے ہیں، جس پر عوامی حلقوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق نہر کے کنارے موجود درختوں کے مضبوط اور موٹے تنے ملتان اور جلالپور کے درمیان مصروف شاہراہ کے درمیان ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث ہیوی ٹریفک، ٹرک اور ٹرالروں کو گزرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ٹکرانے کے باعث حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق اس شاہراہ سے گندم کی کٹائی کے موسم میں بھوسے سے لدی ٹرالیاں بھی بڑی تعداد میں گزرتی ہیں، جس سے کسی بڑے حادثے کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے ۔ عوامی حلقوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر درختوں کے موٹے تنوں کو کاٹ کر ٹریفک کی روانی کو بحال کیا جائے تاکہ ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے ۔