ایپکا کا مطالبات کے حق میں احتجاج، قلم چھوڑ ہڑتال
ملازمین کی ریلی، تنخواہوں و الاؤنس میں اضافے کا مطالبہ، دفاتر میں کام متاثر
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر ) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) کی جانب سے مطالبات کے حق میں بھرپور احتجاج اور قلم چھوڑ ہڑتال کی گئی، جس کے باعث سرکاری دفاتر میں معمول کے امور متاثر ہوئے ۔ احتجاج کی قیادت ضلعی صدر وزیر خان دستی اور جنرل سیکرٹری فضل شاکر نے کی جبکہ فیاض قریشی، عبدالغفار کاکڑ، جمشید بابر، یوسف کھاڑک اور خرم قریشی سمیت دیگر عہدیداران و ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مظاہرین نے پینشن اصلاحات، ہاؤس رینٹ اور میڈیکل الاؤنس میں اضافہ، مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ اور رول 17-A کی بحالی سمیت دیگر مطالبات کی منظوری کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے ڈپٹی کمشنر آفس کے باہر شدید نعرے بازی کی اور بعد ازاں کچہری چوک تک احتجاجی ریلی بھی نکالی۔ مقررین نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں سرکاری ملازمین شدید مشکلات کا شکار ہیں، اس لیے ان کے جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم کیے جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔