صفائی نظام میں بے ضابطگیاں، کولیکشن پوائنٹ5دن کیلئے بند

 صفائی نظام میں بے ضابطگیاں، کولیکشن پوائنٹ5دن کیلئے بند

ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی، سائٹ تبدیلی کا حکم ، مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے :عثمان طاہر

مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر ) صفائی نظام میں مبینہ بے ضابطگیوں پر ضلعی انتظامیہ نے سخت ایکشن لیتے ہوئے کولیکشن پوائنٹ کی سرگرمیاں معطل کر دیں۔ ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور ایم ڈی ستھرا پنجاب یوسف چھینہ نے ڈی جی خان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تحت کام کرنے والے ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کی۔ ذرائع کے مطابق معائنہ کے دوران انکشاف ہوا کہ کوڑا کرکٹ کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے بجائے زمین میں دبایا جا رہا تھا اور اس میں مٹی مکس کی جا رہی تھی، جو مقررہ ایس او پیز کی خلاف ورزی ہے ، جبکہ دیگر قواعد کی خلاف ورزیاں بھی سامنے آئیں۔ انتظامیہ نے فوری طور پر کولیکشن پوائنٹ کو پانچ روز کیلئے بند کر دیا اور سائٹ کی تبدیلی کا حکم جاری کیا۔ ڈی جی خان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے سخت مانیٹرنگ اور شفاف نظام یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ صفائی کے نظام میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کو صاف ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں