معرکہ حق سیمینار، افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلیاں

 معرکہ حق سیمینار، افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلیاں

معرکہ حق میں افواج پاکستان ہمیشہ کی طرح فاتح رہی ہیں:ڈپٹی کمشنر محمد اشرف

 لودھراں (سٹی رپورٹر ) ضلع کونسل کانجو ہال لودھراں میں معرکہ حق بنیان المرصوص کے حوالے سے سیمینار منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر محمد اشرف، اے ڈی سیز محمد طیب اور لیاقت علی گیلانی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ سی او ضلع کونسل سید مصلح الدین اور ضلع بھر کے نمبرداران بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور معرکہ حق میں افواج پاکستان ہمیشہ کی طرح فاتح رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے دشمن کے خلاف افواج کا بھرپور ساتھ دیا اور ہم اپنے دفاع سے غافل نہیں رہ سکتے ۔ سیمینار کے اختتام پر پاکستان اور افواج پاکستان کے حق میں نعرے لگائے گئے ۔افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ضلع بھر کے سرکاری و نجی سکولوں اور کالجوں میں خصوصی سیمینارز کا انعقاد کیا گیا اور ریلیاں نکالی گئیں۔ تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات نے ملی نغمے پیش کیے ، تقاریر کیں جبکہ ٹیبلو، خاکوں اور پینٹنگز کے مقابلوں کے ذریعے قومی جذبے کو اجاگر کیا گیا۔ مقررین نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں اور ملک کے دفاع میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قربانی، استقامت اور قومی یکجہتی کی روشن مثال ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں