کسانوں کیلئے لیزر لینڈ لیولرز کی قرعہ اندازی، 38 یونٹس تقسیم
جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ سے کاشتکاروں کے اخراجات میں کمی ہوگی:مقررین
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار ) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کسان دوست اقدامات کے تحت جناح لائبریری میں لیزر لینڈ لیولرز کی فراہمی کیلئے قرعہ اندازی کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ممبر قومی اسمبلی محمد خان ڈاھا، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری کمیونیکشن اینڈ ورکس رانا محمد سلیم حنیف اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعیم صادق چیمہ نے کی۔ ضلع کیلئے 38 لیزر لینڈ لیولر یونٹس مختص کیے گئے جبکہ کامیاب کاشتکاروں کو فی یونٹ 6 لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی۔
تحصیل خانیوال کے 9، جہانیاں کے 6، کبیر والا کے 14 اور میاں چنوں کے 9 کاشتکار کامیاب قرار پائے ۔ مجموعی طور پر 292 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 223 منظور کی گئیں۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ لیزر لینڈ لیولر سے زمین کی ہمواری، پانی کی بچت اور پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے ، جبکہ جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ سے کاشتکاروں کے اخراجات میں کمی اور دیہی معیشت کو استحکام ملے گا۔ تقریب میں متعلقہ افسران اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔