پیپلز پارٹی مزدوروں کے حقوق کی علمبردار: ملک نسیم لابر
یکم مئی پر مزدوروں کو خراج عقیدت، کم از کم اجرت پر عملدرآمد کا مطالبہ
ملتان (لیڈی رپورٹر)پیپلز پارٹی ملتان سٹی کے صدر ملک نسیم حسین لابر، اے ڈی خان بلوچ اور خواجہ عمران نے یکم مئی کے موقع پر مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مزدوروں کی جدوجہد کو آگے بڑھانے والی واحد جماعت ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی معیشت مزدور کی محنت اور خون پسینے سے چلتی ہے ، جبکہ اشرافیہ کا کاروبار بھی محنت کش طبقے کی بدولت قائم رہتا ہے ۔ اس لئے مزدور کو اس کی محنت کا پورا صلہ ملنا چاہئے ۔رہنماؤں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے مزدوروں کو آئینی تحفظ، یونین سازی کا حق اور بنیادی حقوق فراہم کئے ، جبکہ بے نظیر بھٹو نے بھی اپنے دور میں مزدوروں کی فلاح کے لئے اقدامات کئے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے اٹھارویں ترمیم کے ذریعے مزدوروں کے تحفظ کو مزید مضبوط بنایا۔انہوں نے کہا کہ 2008 سے 2013 کے دوران پیپلز پارٹی کی حکومت میں وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے مزدوروں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا، جبکہ سندھ حکومت نے لیبر قوانین میں تاریخی اصلاحات کیں ۔ بیان میں کہا گیا کہ آج بھی پاکستان میں لاکھوں مزدور کم اجرت پر کام کرنے پر مجبور ہیں اور مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی کمی نے محنت کش طبقے کی زندگی مشکل بنا دی ہے ۔رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ کم از کم اجرت پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے ۔