مرکنٹائل ایکسچینج میں سرمایہ کاری محفوظ،میاں بختاور تنویر
یومیہ 60ارب روپے کی ٹریڈنگ ادارے کی اہمیت،کارکردگی کا واضح ثبوت
ملتان (لیڈی رپورٹر)ایوان تجارت و صنعت ملتان کے صدر میاں بختاور تنویر شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج سرمایہ کاری کے لئے ایک محفوظ، شفاف اور ریگولیٹری طور پر مستحکم پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے ، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ تقریباً 60 ارب روپے کی ٹریڈنگ اس ادارے کی اہمیت اور کارکردگی کا واضح ثبوت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوانِ تجارت و صنعت ملتان اور پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج کے اشتراک سے منعقدہ کموڈٹی ٹریڈنگ سے متعلق آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں سی ای او خرم ظفر، احسن رزاقی، منیب احمد، کمال علی اور کاروباری برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
میاں بختاور تنویر شیخ نے کہا کہ محفوظ سرمایہ کاری وہی ہوتی ہے جہاں سرمایہ کاروں کے حقوق کا مکمل تحفظ، قوانین کی پاسداری اور شفاف نظام موجود ہو۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تمام لین دین کا ریکارڈ محفوظ اور قابل رسائی بنایا جاتا ہے ، جس سے دھوکہ دہی کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔سی ای او خرم ظفر نے کہا کہ پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج سرمایہ کاروں کو محفوظ اور بااعتماد ٹریڈنگ کے مواقع فراہم کر رہی ہے ، یہی وجہ ہے کہ یہاں روزانہ اربوں روپے کی ٹریڈنگ ہو رہی ہے ۔ احسن رزاقی نے بتایا کہ سرمایہ کار آسانی سے اکاؤنٹ کھول کر 20 سے 30 ہزار روپے سے ٹریڈنگ شروع کر سکتے ہیں جبکہ مختلف کموڈیٹیز میں سرمایہ کاری کے مواقع دستیاب ہیں۔مقررین نے کہا کہ اس پلیٹ فارم سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے سرمایہ کار بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ سیمینار کے اختتام پر مہمانوں میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں۔