گندم خریداری کسانوں کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت
ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس، مفت باردانہ کی فراہمی اور شفاف خریداری پر زور
وہاڑی (خبرنگار،نمائندہ خصوصی ) ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت گندم خریداری کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ افسران اور کسانوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب سے معاہدے کے مطابق نجی سیکٹر 3500 روپے فی من کے حساب سے گندم خرید رہا ہے جبکہ محکمہ فوڈ کی جانب سے کسانوں میں مفت باردانہ کی تقسیم جاری ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ریونیو سٹاف، پٹواری اور نمبرداران باردانہ کی بروقت فراہمی میں کاشتکاروں کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ خریداری کے حوالے سے تمام شرائط ختم کر دی گئی ہیں اور کسان بروقت گندم فروخت کر کے مکمل ریٹ حاصل کریں۔ محکمہ زراعت کو ہدایت دی گئی کہ کاشتکاروں کو مکمل رہنمائی فراہم کی جائے جبکہ خریداری مراکز پر پانی، بیٹھنے اور دیگر سہولیات یقینی بنائی جائیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو بابر سلیمان سمیت دیگر افسران شریک تھے۔