بجلی بلوں کی ادائیگی کا ڈیجیٹل نظام متعارف

بجلی بلوں کی ادائیگی کا ڈیجیٹل نظام متعارف

راست اور کیو آر کوڈ کے ذریعے بل اداکرنے والے صارفین کیلئے بذریعہ قرعہ اندازی ماہانہ قیمتی انعامات دیئے جارہے ، میپکو صارفین کی حوصلہ افزائی کرنیوالی پہلی کمپنی بن گئی

ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک  پاور کمپنی (میپکو) نے بجلی کے بلوں کی ادائیگی کے لئے ڈیجیٹل نظام متعارف کرواتے ہوئے ایک منفرد اور انقلابی اقدام اٹھایا ہے جس کے تحت راست (Raast) اورQR کوڈ کے ذریعے بل ادا کرنے والے صارفین کے لئے ماہانہ قرعہ اندازی کے ذریعے قیمتی انعامات دینے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ۔ اس اقدام کے ساتھ میپکو ملک کی پہلی بجلی تقسیم کار کمپنی بن گئی ہے جو ڈیجیٹل ادائیگی کرنے والے صارفین کی حوصلہ افزائی کے لئے باقاعدہ انعامی سکیم متعارف کرا رہی ہے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو نے اس سلسلے میں منعقدہ تقریب کے دوران بٹن دبا کر پہلی آن لائن قرعہ اندازی کا آغاز کیا اور خوش نصیب صارفین کے ناموں کا اعلان کیا۔

اس قرعہ اندازی میں ان صارفین کو شامل کیا گیا جنہوں نے 26 فروری سے 25 مارچ 2026ء کے دوران کیوآر کوڈ کے ذریعے اپنے بجلی کے بل ادا کئے تھے ۔ قرعہ اندازی مکمل طور پر شفاف اور جدید ڈیجیٹل سسٹم کے تحت منعقد کی گئی۔انعامات میں سمارٹ موبائل فونز،ایل ای ڈیز، ایئرپوڈز، ہیڈ فونز اور دیگراشیاء شامل ہیں جبکہ اس سکیم کے تحت ہر ماہ باقاعدگی سے قرعہ اندازی کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ صارفین اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔انہوں نے کہاکہ آج کی قرعہ اندازی میں ان صارفین کو شامل کیا گیا جنہوں نے ڈیجیٹل ذرائع سے اپنے بجلی کے بل ادا کئے ۔ اس موقع پر انہوں نے جیتنے والے تمام صارفین کو مبارکباد پیش کی۔سی ای او میپکو نے اپنی ٹیم، بالخصوص آئی ٹی اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور کاوشوں سے یہ پروگرام کامیابی سے مکمل ہوا جس پر وہ تمام ٹیم ممبران کو مبارکباد دیتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں