ستھرا پنجاب مہم، تاجر برادری کو صفائی پلان میں شامل کرنے کا فیصلہ
سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کی مصروف بازاروں ،تجارتی مراکز، شاہراہوں کا دورہ، تاجر نمائندگان سے ملاقات، کوڑا کرکٹ کی بروقت منتقلی میں تعاون کی اپیل،ڈسٹ بن تنصیب کا حکم
ملتان (خصوصی رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ملتان ذوالفقار احمد نے شہر میں صفائی کی مجموعی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور ستھرا پنجاب ویژن کے تحت عملی اقدامات کو تیز کرنے کے لئے تاجر برادری اور سول سوسائٹی کو باقاعدہ صفائی پلان میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، اس سلسلے میں انہوں نے شہر کے مختلف مصروف بازاروں، تجارتی مراکز اور اہم شاہراہوں کا دورہ کیا اور تاجر نمائندگان سے تفصیلی ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں کے دوران صفائی کے موجودہ نظام، کوڑا کرکٹ کی بروقت منتقلی اور شہری تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سی ای او نے کہا کہ تاجر برادری شہر کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ان کا تعاون حاصل کئے بغیر صفائی کے نظام کو مکمل طور پر مؤثر نہیں بنایا جا سکتا، انہوں نے اعلان کیا کہ تاجر تنظیموں کے اشتراک سے بازاروں، چوکوں اور مرکزی مقامات پر جدید اور بڑے سائز کے ڈسٹ بن نصب کیے جائیں گے جبکہ کوڑا کرکٹ اٹھانے کے اوقات کار کو بھی بہتر اور منظم کیا جائے گا تاکہ کسی بھی مقام پر گندگی جمع نہ ہو، انہوں نے مزید کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں اور کنٹریکٹرز کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جا رہا ہے ، ناقص کارکردگی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ذوالفقار احمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں، تاجروں اور سول سوسائٹی کے باہمی تعاون سے ملتان کو صاف، سرسبز اور مثالی شہر بنایا جائے گا، اور اس مقصد کے لئے آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ عوام میں صفائی سے متعلق شعور بیدار کیا جا سکے۔