ڈپٹی کمشنر خانیوال کا امتحانی مراکز کا دورہ، شفافیت پر زور
بچوں کی داخلہ مہم 100 فیصد مکمل کرنے اور سہولیات بہتر بنانے کی ہدایت
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) حکومت پنجاب کی ہدایت پر جماعت نہم کے امتحانی عمل میں شفافیت یقینی بنانے اور سرکاری سکولوں میں تعلیمی سہولتوں کی بہتری کیلئے کڑی مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے گورنمنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری سکول اور گرلز ہائر سیکنڈری سکول پیرووال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نہم جماعت کے امتحانی سنٹرز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے امتحانی عمل، انتظامات اور فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے کلاس رومز میں روشنی اور دیگر بنیادی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے داخلہ مہم کا بھی جائزہ لیا اور طلبہ سے تدریسی سوالات کیے جبکہ انہیں تعلیم جاری رکھنے کی تلقین بھی کی۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ داخلہ مہم کے 100 فیصد اہداف ہر صورت مکمل کیے جائیں تاکہ کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے ۔ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں اور سرکاری سکول معیاری تعلیمی ادارے ہیں، اس لیے والدین اپنے بچوں کے داخلے لازمی سرکاری سکولوں میں کروائیں۔