ڈی سی مظفرگڑھ کاعلاقوں کادورہ، صفائی صورتحال کا جائزہ
نکاسی آب مسائل کے فوری حل کرنے اور فیلڈ مانیٹرنگ بڑھانے کی ہدایت
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے صفائی ستھرائی اور سیوریج کے نظام کا جائزہ لیا۔تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے محلہ قریشی والا، محلہ قائم والا، محلہ راولے والا، محلہ حیات نگر، بستی مہاراں اور ریلوے روڈ کا معائنہ کیا اور صفائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اور نکاسی آب کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فیلڈ میں مسلسل مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ غفلت برتنے والے عملے کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔