سرکاری ہسپتالوں میں مفت تشخیصی وسکریننگ ڈیسک قائم
ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیو میں خصوصی ہیلتھ ڈیسک بنائے گئے ، 9مختلف بیماریوں کی سکریننگ کی جارہی، شہری طبی معائنہ کرائیں، کیمپوں سے فائدہ اٹھائیں، شہباز حسین نقوی
ملتان(لیڈی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب کے خصوصی ہیلتھ ویک کے سلسلے میں ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر کے ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں خصوصی ہیلتھ سکریننگ ڈیسک قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں شہریوں کو مختلف بیماریوں کی مفت سکریننگ اور تشخیص کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔سپیشل سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب شہباز حسین نقوی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال ملتان میں قائم ہیلتھ سکریننگ کیمپ کا دورہ کیا اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر صوبان ضیاء اور ایم ایس ڈاکٹر تنزیل رحمان نے انہیں کیمپ سے متعلق بریفنگ دی۔شہباز حسین نقوی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جنوبی پنجاب بھر میں تین روزہ ہیلتھ سکریننگ کیمپ لگائے گئے ہیں جہاں ایک ہی جگہ پر 9 مختلف بیماریوں کی سکریننگ اور تشخیص کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ان کیمپوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں اور اپنے طبی معائنے کو یقینی بنائیں۔