بیٹے اور بہو پر ہراسانی کے سنگین الزامات، تحفظ کی اپیل
بیوہ خاتون کی پریس کانفرنس، وزیراعلیٰ اور پولیس حکام سے نوٹس کا مطالبہ
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)سپر نمبر 1 کی رہائشی بیوہ صغراں مائی نے اپنے بیٹوں اور اہل علاقہ کے ہمراہ مظفرگڑھ پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے بیٹے ممتاز اور بہو ارشاد بی بی پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔صغراں مائی کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا ممتاز اور بہو ارشاد بی بی ان کے لیے مسلسل وبالِ جان بنے ہوئے ہیں اور آئے روز انہیں مختلف طریقوں سے ہراساں کیا جا رہا ہے جس سے ان کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے ۔پریس کانفرنس میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ بہو ارشاد بی بی مختلف تھانوں میں ان کے اور دیگر اہل خانہ کے خلاف جھوٹی درخواستیں دے کر انہیں ذہنی اذیت میں مبتلا رکھتی ہے ۔
ان کے مطابق متعدد بار معززین علاقہ کے ذریعے صلح صفائی کی کوششوں کے باوجود یہ سلسلہ ختم نہیں ہو سکا۔اس موقع پر موجود اہل علاقہ اور ہمسایوں، جن میں سجاد حسین، نواب، محمد حسین، محمد حفیظ، حاجی محمد، عاشق حسین، قیصر عباس اور محمد محسن شامل تھے ، نے بھی مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ارشاد بی بی کے رویے کے باعث نہ صرف صغراں مائی بلکہ پورے محلے کا سکون متاثر ہوا ہے ۔بیوہ صغراں مائی نے اعلان کیا کہ انہوں نے اپنے بیٹے ممتاز، بہو ارشاد بی بی اور ان کے بچوں کو اپنی جائیداد اور تمام تر تعلق سے عاق کر دیا ہے۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، آر پی او ڈیرہ غازی خان اور ڈی پی او مظفرگڑھ سے اپیل کی کہ انہیں فوری تحفظ فراہم کیا جائے اور معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے انصاف دلایا جائے۔