پرائمری سیکشنز کی مانیٹرنگ مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ

پرائمری سیکشنز کی مانیٹرنگ مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ

اے ای اوز ہائی، ہائر سیکنڈری سکولوں کے پرائمری حصے بھی دیکھیں گے

ملتان(خصوصی رپورٹر)پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں کے پرائمری سیکشنز کی مانیٹرنگ مزید مؤثر بنانے کے لئے اہم فیصلہ کر لیا۔ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (ڈی ای اے )کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے نگرانی کے نظام میں توسیع کر دی ہے ۔ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن رانا عبدالقیوم خان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اب اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز (اے ای اوز)اپنے متعلقہ مراکز میں قائم ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں کے پرائمری سیکشنز کی بھی مانیٹرنگ کریں گے ۔

یہ عمل منتھلی مانیٹرنگ ایپ کے ذریعے انجام دیا جائے گا، جبکہ اے ای اوز کے لاگ اِن میں متعلقہ آپشن بھی فعال کر دیا گیا ہے ۔مراسلے میں ضلعی افسروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور متعلقہ عملے کو بھی اس حوالے سے آگاہ کیا جائے ۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق اس اقدام کا مقصد تعلیمی معیار، اساتذہ اور طلبہ کی حاضری، بنیادی سہولیات اور تدریسی عمل کی نگرانی کو مزید مضبوط بنانا ہے ۔ مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سسٹم کے تحت سکولوں کی کارکردگی کا آن لائن جائزہ پہلے ہی لیا جا رہا ہے ۔تعلیمی ماہرین کے مطابق نئے فیصلے سے پرائمری سطح پر تعلیمی معیار میں بہتری، سکولوں میں نظم و ضبط کے فروغ اور طلبہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں