کپاس کی نگہداشت کیلئے 15 روزہ سفارشات پیش
گلابی سنڈی کے تدارک کیلئے پھندوں کا استعمال کیا جائے ، صباحت
ملتان (وقائع نگار خصوصی)سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ (سی سی آر آئی) ملتان میں فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کا ساتواں اجلاس ڈائریکٹر سی سی آر آئی مس صباحت حسین کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اگیتی اور موسمی کپاس کی کامیاب نگہداشت کے حوالے سے کاشتکاروں کے لئے آئندہ پندرہ روز کی جامع سفارشات پیش کی گئیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیڑھ سے دو ماہ پرانی فصل میں سفید مکھی کے تدارک کے لئے فی ایکڑ 10 پیلے چپکنے والے پھندے لگائے جائیں اور 15 سے 20 روز بعد ان پر دوبارہ گوند لگائی جائے۔ سفید مکھی کا حملہ معاشی حد سے بڑھنے کی صورت میں محکمہ زراعت کی سفارش کردہ ادویات کا سپرے کیا جائے۔
ماہرین نے گلابی سنڈی کے تدارک کے لئے جنسی پھندوں کے استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مینجمنٹ کے لئے 10 جبکہ مانیٹرنگ کے لئے ایک پھندہ فی پانچ ایکڑ لگایا جائے اور 15روز بعد کیپسول تبدیل کئے جائیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بعض کپاس کے علاقوں میں جیسیڈ اور تھرپس کا حملہ معاشی حدوں کے قریب ہے ، اس لئے کاشتکار فصل کی مسلسل نگرانی کریں اور ضرورت پڑنے پر سفارش کردہ زرعی ادویات استعمال کریں۔ماہرین نے گرمی کے اثرات سے بچاؤ اور ٹینڈوں و ڈوڈیوں کی بہتر نشوونما کے لئے متوازن غذائی اجزا کے محلول کا سپرے صبح یا شام کے اوقات میں کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں بیج کیلئے کاشت کی گئی کپاس میں روگنگ کا عمل شروع کرنے اور چنائی کے بعد پھٹی کو خشک کرکے جلد جننگ مکمل کرنے کی بھی سفارش کی گئی۔ اجلاس میں کاشتکاروں کو سفارشات پیش کی گئیں کہ وہ موسم کو مدنظر رکھ کر آبپاشی کریں ۔آبپاشی کا وقفہ کم کریں ، صرف ہلکا پانی لگائیں ،کھیت میں پانی بھر کر نہ لگائیں۔