تجاوزات کیخلاف کارروائی میں امتیازی سلوک کا الزام

تجاوزات کیخلاف کارروائی میں امتیازی سلوک کا الزام

شہریوں کا یکساں قانون نافذ کرکے مستقل تجاوزات ختم کرنے کا مطالبہ

کہروڑپکا (نمائندہ دنیا)شہر میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کے حوالے سے انتظامیہ پر امتیازی رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ امیر اور غریب کیلئے الگ الگ معیار کے بجائے یکساں قانون نافذ کیا جائے ۔شہریوں کے مطابق کہروڑپکا میں ریلوے پھاٹک کے قریب اور چوک بخاری کے علاقوں میں بعض دکانداروں نے 6 سے 8 فٹ تک سیڑھیاں تعمیر کر رکھی ہیں جبکہ سامان رکھ کر مستقل تجاوزات قائم کی ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ متعدد شکایات کے باوجود یہ تجاوزات بدستور موجود ہیں۔

شہریوں نے الزام عائد کیا کہ انتظامیہ کارروائی کیلئے موقع پر پہنچتی ہے ، تاہم مبینہ طور پر بااثر افراد کی مداخلت یا دباؤ کے باعث کارروائی کیے بغیر واپس چلی جاتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسری جانب غریب افراد کے ریڑھیوں اور عارضی چھپروں کے خلاف فوری کارروائی کی جاتی ہے جس سے احساس محرومی پیدا ہو رہا ہے ۔شہریوں نے کہا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو دیگر افراد بھی سڑکوں اور بازاروں میں سامان رکھنا شروع کر دیں گے جس سے ٹریفک اور امن و امان کے مسائل جنم لے سکتے ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ شہر بھر میں بلاامتیاز آپریشن کرکے عرصہ دراز سے قائم تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور قانون سب کیلئے یکساں طور پر نافذ کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں