ریکوری میں عدم تعاون، 4 نمبرداروں کیخلاف کارروائی
وہاڑی(نمائندہ خصوصی)اسسٹنٹ کمشنر انعم اکرم نے سرکاری واجبات کی وصولی میں عدم تعاون اور ناقص کارکردگی پر چار نمبرداروں کے خلاف کارروائی کی سفارش ڈپٹی کمشنر کو بھجوا دی ہے، جبکہ دو نمبرداروں کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چک نمبر 56کے نمبردار عبدالحنان خان بدھ، چک نمبر 59ڈبلیو بی کے چودھری فرخ ستار اور چک نمبر37 ڈبلیو بی کے کریم بخش لاکھٹ سمیت چار نمبرداروں پر الزام ہے کہ وہ سرکاری ریکوری کی وصولی میں تعاون نہیں کر رہے۔ انکی مبینہ غفلت کے باعث 61 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری التوا کا شکار ہے۔ محکمہ ریونیو کے مطابق بار بار یاد دہانی کے باوجود متعلقہ نمبردار پٹواریوں اور ریونیو افسران سے تعاون نہیں کر رہے، حالانکہ ویسٹ پاکستان لینڈ ریونیو رولز کے تحت ریکوری یقینی بنانا ان کی ذمہ داری ہے ۔ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر جاوید گورایہ نے مبینہ طور پر دو نمبرداروں چودھری فرخ ستار اور کریم بخش کو غفلت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کیے ہیں۔ اس کارروائی کے بعد ضلع بھر کے نمبرداروں اور بااثر سیاسی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔