محرم الحرام میں فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے ، ڈی پی او

محرم الحرام میں فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے ، ڈی پی او

امن کمیٹی اجلاس، جلوس روٹس کا تفصیلی معائنہ، شرکاء کا تعاون کا اعلان

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عابد کی زیر صدارت ایس ڈی پی او آفس سرکل خانیوال میں محرم الحرام کے حوالے سے منتظمین مجالس، جلوس لائسنس داران اور ضلعی امن کمیٹی کے اراکین کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایس ڈی پی او سعید سیال، متعلقہ ایس ایچ اوز اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔ دوران اجلاس محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات، بین المسالک ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈی پی او محمد عابد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے ایام میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ضلعی پولیس ہائی الرٹ رہے گی اور امن و امان خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ محرم کے دوران قیام امن اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز، فرقہ وارانہ اور شرانگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ جبکہ ضابطہ اخلاق پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔اجلاس کے شرکاء نے پولیس کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ بعد ازاں ڈی پی او نے منتظمین جلوس اور امن کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ مرکزی امام بارگاہ بلاک نمبر 11 سے برآمد ہونے والے 6 اور 10 محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں