محرم الحرام انتظامات بہتر بنانے کیلئے ہنگامی اقدامات کی ہدایت

محرم الحرام انتظامات بہتر بنانے کیلئے ہنگامی اقدامات کی ہدایت

جلوس روٹس کی مرمت، صفائی اور سکیورٹی پلان فوری مکمل کیا جائے:ڈی سی

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنرز نے تحصیلوں میں جاری تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق محرم الحرام کے دوران بہترین انتظامات یقینی بنانے کیلئے متعلقہ افسران کو مختلف ٹاسکس تفویض کیے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ یکم محرم الحرام سے قبل جلوسوں کے تمام روٹس پر پیچ ورک ہر صورت مکمل کیا جائے ، خراب سٹریٹ لائٹس فوری تبدیل کی جائیں اور تجاوزات کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے۔

ملیحہ رشید نے کھلے گٹروں کو فوری طور پر نیٹ لگا کر بند کرنے اور جلوسوں کے روٹس پر ڈی سلٹنگ کے عمل کو جلد مکمل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی سرگرمیوں والی تمام سائٹس کو حفاظتی اقدامات کے ساتھ کارڈن آف کیا جائے تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ امام بارگاہوں کے اطراف پارکنگ کے انتظامات کم از کم 500 گز کے فاصلے پر کیے جائیں تاکہ سکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ مؤثر رہے ۔ انہوں نے \\\"ستھرا پنجاب\\\" پروگرام کے تحت صفائی پلان پر فوری عملدرآمد شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے واضح کیا کہ محرم الحرام کے انتظامات گزشتہ سال کی نسبت مزید بہتر اور مؤثر ہونے چاہئیں اور تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مکمل تیاری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں