ڈپٹی کمشنر وہاڑی کا ضلعی ہسپتال کا اچانک دورہ،انتظامات کا جائزہ
وہاڑی(نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے اچانک ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی کا دورہ کیا اور مختلف وارڈز میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران انہوں نے ایمرجنسی وارڈ، ڈائیلسز وارڈ، فارمیسی، بلڈ بینک، چلڈرن وارڈ اور ایکسرے روم کا معائنہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مریضوں کی عیادت بھی کی اور ان سے علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ جس پر مریضوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔معائنہ کے دوران ایک ڈاکٹر کی غیر حاضری پر ڈپٹی کمشنر نے سخت نوٹس لیتے ہوئے اسے معطل کرنے کا حکم جاری کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ہسپتالوں میں بہترین سروس ڈیلیوری کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور حسنِ سلوک سے پیش آئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال میں صفائی ستھرائی اور بیڈ شیٹس کے معیار کو بہتر رکھا جائے تاکہ مریضوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فہد وحید اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔