یارا کھادیں پنجاب میں متعارف کرانے کا فیصلہ
وزیرزراعت عاشق کرمانی کا برطانیہ میں یارا انٹر نیشنل کمپنی کا دورہ
ملتان (وقائع نگار خصوصی)وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد برطانیہ کے دورے پر ہے ۔ وفد میں پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ خان لغاری، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو اور دیگر حکام شامل ہیں۔ دورے کا مقصد پنجاب کی زراعت کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لئے جدید معلومات اور تجربات حاصل کرنا ہے ۔دورے کے دوران وفد نے عالمی شہرت یافتہ کھاد ساز کمپنی یارا انٹرنیشنل کا دورہ کیا اور کمپنی حکام سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ یارا انٹرنیشنل اپنی معیاری مصنوعات پنجاب میں متعارف کرائے گی، جبکہ ان کھادوں کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ معیاری کھادوں کی فراہمی سے فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ہوگا، جبکہ زرعی زمینوں کی صحت اورذرخیزی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جدید زرعی ٹیکنالوجی اور معیاری زرعی مداخل کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔