فنڈز کی قلت، اربوں مالیتی 21 ترقیاتی منصوبے التوا کا شکار
19پرانی 2نئی سکیمیں شامل، ملتان تا وہاڑی 93کلومیٹرروڈ کی تعمیر میں سست روی سے مسافروں کو مشکلات، ملتان ایونیو کے حوالے سے فنڈز کی قلت سامنا،محکمہ ہائی وے
ملتان (سٹاف رپورٹر )اربوں مالیت کے 21 مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے لیکن فنڈز کی فراہمی میں تعطل کے باعث تاحال کوئی بھی منصوبہ مکمل نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے ادھورے منصوبوں کے حوالے سے شہریوں کی مشکلات تاحال برقرار ہیں تفصیل کے مطابق ملتان ڈویژن میں اربوں مالیت کی 19 پرانی اور 2 نئی سکیموں پر کام جاری ہے لیکن فنڈز کی فراہمی میں تعطل کے باعث دو ارب اسی کروڑ روپے کا ملتان ایونیو کا منصوبہ ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود تاحال پورا نہیں ہو سکا جبکہ یہی صورتحال ملتان تا وہاڑی 93 کلومیٹر روڈ کی ہے جس کی وجہ سے کام کی رفتار سستی کا شکار ہونے سے شہریوں کی مشکلات برقرار ہیں۔
دوسری جانب محکمہ ہائی وے کے حکام کا موقف ہے ملتان ایونیو کے حوالے سے فنڈز کی قلت کا مسئلہ درپیش ہے لیکن ملتان تا وہاڑی روڈ کے لئے وسائل کی کمی نہیں جس کے لئے حکومت نے پہلے مرحلے میں دس ارب روپے جبکہ دوسرے مرحلے میں بھی مطلو بہ فنڈز فراہم کر دیئے ہیں اور اسی لئے منصوبے کو ہر صورت جون کے آخر تک مکمل کر لیں گے تاہم منظوری کے باوجود فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث نادرآباد فلائی اوور فیز ٹو کا منصوبہ تا حال شروع نہیں ہو سکا جبکہ، ناردرن سدرن اور عسکری بائی پاس پر بھی کام کی رفتار انتہائی سست ہے اور یہی صورتحال سڑکیں بحال ، دیہات خوشحال پروگرام کی بھی ہے جس کا شہریوں نے حکومت سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔