عالمی اصولوں کے مطابق حفاظتی اقدامات کررہے ،نشتر انتظامیہ
ملتان (لیڈی رپورٹر)نشتر ہسپتال ملتان کے شعبئہ امراضِ گردہ نے ڈائلیسز سروسز کی تنظیمِ نو سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلنے والے خدشات پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تمام اقدامات صرف مریضوں کی حفاظت اور۔۔۔
انفیکشن کنٹرول کو بہتر بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ تمام اصلاحاتی اقدامات پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے معیار اور عالمی انفیکشن پریوینشن اینڈ کنٹرول اصولوں کے مطابق ہیں۔ تنظیمِ نو کے تحت مریضوں کو ان کے وائرل اسٹیٹس کے مطابق الگ الگ ڈائلیسز ایریاز میں منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ کراس انفیکشن کے خطرات کو کم کیا جا سکے ۔انتظامیہ کے مطابق ہسپتال میں ڈائلیسز سروسز مکمل طور پر فعال ہیں اور کسی بھی مریض کی سہولت بند نہیں کی گئی۔ اس وقت 197 رجسٹرڈ مریضوں کو باقاعدہ علاج فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ گزشتہ ایک سال کے دوران تقریباً 28 ہزار ڈائلیسز سیشنز اور 7 ہزار سے زائد ایمرجنسی سیشنز مکمل کئے گئے ہیں۔مزید بتایا گیا کہ سروسز کی بہتری کے لئے 8 نئی ڈائلیسز مشینیں اور 2 جدید آر او سسٹمز بھی شامل کئے جا رہے ہیں۔ انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ یہ تمام اقدامات مریضوں کے مفاد اور علاج کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے ہیں اور افواہوں پر کان نہ دھرا جائے ۔