محرم سکیورٹی کیلئے کوٹ ادو میں موک ایکسرسائز کا انعقاد

محرم سکیورٹی کیلئے کوٹ ادو میں موک ایکسرسائز کا انعقاد

امام بارگاہ پر سکیورٹی تربیت، وولنٹیئرز کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کی ہدایت

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار )ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوٹ ادو کی ہدایت پر ڈی ایس پی سرکل سنانواں محمد اکبر کی زیر نگرانی امام بارگاہ قصر آل محمد میں محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا، جبکہ تھانہ سنانواں میں وولنٹیئرز کو خصوصی تربیت بھی فراہم کی گئی۔اس موقع پر وولنٹیئرز کو سکیورٹی امور، ہنگامی حالات سے نمٹنے ، جلوسوں اور مجالس کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں بروقت ردِعمل کے حوالے سے عملی تربیت دی گئی۔ تربیت کا مقصد محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کو یقینی بنانا اور وولنٹیئرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ تھا۔ڈی ایس پی سرکل سنانواں محمد اکبر نے وولنٹیئرز کو بریفنگ دیتے ہوئے ان کے فرائض، ذمہ داریوں اور مؤثر رابطہ کاری کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور وولنٹیئرز کے درمیان مکمل ہم آہنگی ناگزیر ہے تاکہ عزاداروں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے ۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ وولنٹیئرز اپنی ذمہ داریاں مستعدی اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں اور مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں