واسا ملتان کی تاریخ کی ریکارڈ 29 کروڑ ریکوری
جون میں 29 کروڑ 16 لاکھ روپے وصول،کارکردگی پر ٹیم کی ستائش
ملتان (لیڈی رپورٹر)واسا ملتان نے جون 2026 کے دوران سیوریج اور واٹر سپلائی بلوں کی مد میں ‘‘29 کروڑ 16 لاکھ روپے ’’سے زائد کی وصولی کرکے ادارے کی 34 سالہ تاریخ کی سب سے بڑی ریکوری کا ریکارڈ قائم کر دیا۔ اس کامیابی پر ریکوری ٹیم کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل شوکت نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے افسر اور ملازمین میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ایم ڈی واسا نے کہا کہ ریکارڈ ریکوری مؤثر منصوبہ بندی، سخت مانیٹرنگ، بھرپور فیلڈ آپریشن اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے ڈائریکٹر ریکوری محمد سعید ڈوگر، ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، سرکل انچارجز اور فیلڈ سٹاف کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مالی استحکام ادارے کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس ریکارڈ وصولی سے فراہمی آب، نکاسی آب، سیوریج نظام، مشینری کی استعداد اور دیگر شہری سہولیات کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ واسا کو مالی خودانحصاری کی منزل سے ہمکنار کرنا اولین ترجیح ہے ، جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔فیصل شوکت نے واضح کیا کہ سرکاری، نیم سرکاری، کمرشل، صنعتی اور نجی شعبے کے نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔