کہروڑ پکا میں ملاوٹی مصالحہ جات اور دودھ تیار کرنے پر کارروائی
فوڈ اتھارٹی نے 40 کلو ملاوٹی مصالحہ جات تلف کردیئے ، 16 لٹر آئل، کیمیکل ضبط
ملتان (لیڈی رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہروڑ پکا میں ملاوٹ اور جعل سازی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مصالحہ چکی اور ملک کولیکشن سنٹر سے 40 کلو ملاوٹی مصالحہ جات تلف، 16 لٹر کھلا آئل، 13 کلو پاؤڈر اور کیمیکلز ضبط کرلئے ۔ ملک کولیکشن سنٹر کو بند کرکے ملزموں کے خلاف تھانہ صدر کہروڑ پکا میں مقدمات درج کرادیئے گئے ۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں کی جعل ساز مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بستی اور موضع اسماعیل پور کہروڑ پکا میں ملک کولیکشن سنٹر اور مصالحہ چکی کو چیک کیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق مصالحہ جات کے نمونے ٹیسٹ کرانے پر مرچوں میں ملاوٹ ثابت ہوئی، جس پر 40 کلو ملاوٹی مصالحہ جات تلف کردیئے گئے ۔اسی طرح پاؤڈر، کھلے آئل اور کیمیکلز سے ملاوٹی دودھ تیار کیا جارہا تھا۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کھلا آئل، پاؤڈر اور کیمیکلز قبضے میں لے کر ملزموں کے خلاف مقدمات درج کرادیئے ۔ انہوںنے کہا کہ صحت دشمن عناصر کے خلاف فوڈ سیفٹی ٹیموں کی بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ جعل سازی اور ملاوٹ میں ملوث عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments