پٹرولیم ڈیلرز مارجن میں اضافہ، کم پیمائش کی شکایات برقرار
شہریوں کا پٹرول پمپس کی اچانک چیکنگ اور کم پیمائش پر سخت کارروائی کا مطالبہ
وہاڑی (خبرنگار)مہنگائی سے پریشان شہریوں پر پٹرولیم ڈیلرز کے مارجن میں اضافے کا مزید بوجھ پڑ گیا، جبکہ پٹرول پمپس پر کم پیمائش کی شکایات بھی ختم نہ ہوسکیں۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے پٹرول پمپس کی مؤثر نگرانی کا مطالبہ کیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث عام آدمی پہلے ہی مشکلات کا شکار ہے ۔ ایسے میں ڈیلرز مارجن میں اضافے سے عوام پر مزید مالی بوجھ پڑا ہے ۔ دوسری جانب بعض پٹرول پمپس پر گاڑیوں میں مطلوبہ مقدار سے کم پٹرول ڈالنے کی شکایات بھی سامنے آتی رہتی ہیں، تاہم مؤثر اور مستقل کارروائی نظر نہیں آتی۔
عوامی حلقوں کے مطابق ضلعی انتظامیہ چھوٹے تاجروں، ریڑھی بانوں اور سبزی فروشوں کے خلاف فوری کارروائیاں کرتی ہے ، جبکہ پٹرول پمپ مالکان کے خلاف کارروائی محدود دکھائی دیتی ہے ۔ کسی پمپ پر کارروائی کی صورت میں جرمانے یا ایک نوزل سیل کرنے کے بعد معاملہ ختم ہوجاتا ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر کے پٹرول پمپس کی باقاعدگی سے اچانک چیکنگ کی جائے ، نوزلز کی درست پیمائش یقینی بنائی جائے اور کم پیمائش ثابت ہونے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو قیمت کے عوض مکمل مقدار میں پٹرول مل سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments